نئی دہلی، 15؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج کہا کہ اپنی شکایات کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والے جوانوں کو سزا دی جا سکتی ہے کیونکہ ان کے اس عمل سے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ہندوستان کے خلاف مسلسل ’پراکسی وار ‘کرنے کے باوجود ہم کنٹرول لائن پر امن بحال کرنا چاہتے ہیں۔راوت نے کہا،لیکن ہم جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے سے نہیں ہچکچائیں گے ۔فوجی سربراہ یہاں فوج دیوس تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے ڈیوٹی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو ’ویرتامیڈل ‘سے نوازا۔جنرل راوت نے کہاکہ اگر کسی جوان کو کوئی شکایت ہے تواسے اپنے معاملات کو حل کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرایا گیا ہے، اگر آپ کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں توآپ مجھ سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے اپنی شکایات کا اظہار کرنے کے لیے جوانوں کی طرف سے سوشل میڈیا کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جو حرکت کی ہے، آپ اس کے لیے مجرم ہیں اور سزا کے مستحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس کا سرحد پر ملک کی خدمت کر رہے بہادر جوانوں پرمنفی اثر پڑا ہے۔دہشت گردی کے معاملے پرانہوں نے کہا کہ 2016کے آخری چند مہینوں میں جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورت حال بہت زیادہ حساس ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گرچہ حقیقی کنٹرول لائن ہو یا کنٹرول لائن ہو، ہم مناسب کارروائی کریں گے اور ہمارے جوان تمام محاذوں پر قابل تعریف خدمات انجام دے رہے ہیں۔